شمالی وزیرستان (جیوڈیسک) دتہ خیل میں شدید بارش سے ندی نالوں میں طغیانی آ گئی جبکہ مکان کی چھت گرنے سے ایک ہی خاندان کے 7 افراد جاں بحق ہو گئے۔ شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں شدید بارشوں کا سلسلہ شروع ہو گیا جس سے ندی نالوں میں طغیانی آ گئی۔ علاقے میں موسلا دھار بارش کے باعث دریائے ٹوچی کے سیلابی ریلے سے کئی مکانات کو شدید نقصان پہنچا جبکہ متعدد مویشی بھی ریلے میں بہہ گئے، بارش کے نتیجے میں دتہ خیل کے علاقے میں مکان کی چھت گرنے سے ایک ہی خاندان کے 7 افراد بھی جاں بحق ہو گئے۔
دوسری جانب گورنر خیبرپختونخوا مہتاب احمد عباسی نے دتہ خیل میں بارش سے تباہی کا نوٹس لیتے ہوئے چیف سیکریٹری فاٹا کو ہدایت کی ہے کہ علاقے میں فوری امدادی سرگرمیاں شروع کی جائیں۔