اسلام آباد (جیوڈیسک) تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کور کمیٹی کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا میر خلیل الرحمان فاؤنڈیشن کو ایک ارب غیر ملکی فنڈ ملا، جیو نے امریکی اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ سے پیسے لئے، امن کی آشا کیلئے بھی اربوں روپے کی امداد لی۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا جیو کی کوئی ایڈیٹوریل پالیسی نہیں، بس مہم چلا رکھی ہے اور میر شکیل الرحمان ذاتی مفاد کی خاطر ملک کو بدنام کر رہا ہے۔ عمران خان نے کہا نواز لیگ اور میر شکیل الرحمان ملے ہوئے ہیں، فرغون دبئی میں بیٹھا ہے اور پاکستان میں لوگ مر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا میر شکیل الرحمان میڈیا ہاؤس کی مدد سے اپنے مفادات کا تحفظ کرتا ہے اور اگر کوئی اس کے خلاف منہ کھولتا ہے تو اسے ڈرایا جاتا ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا میر شکیل ن لیگ کے مدد سے پیمرا کو کنٹرول کر رہا ہے اور حکومت پر دباؤ ڈال کر پیمرا چیئرمین کو نکلوایا۔ عمران خان کا مزید کہنا تھا کونسی قوم کسی میڈیا گروپ کو اجازت دیتی ہے کہ باہر سے پیسہ لے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا میر شکیل سندھ ریونیو بورڈ کے 180 کروڑ روپے کے نادہندہ ہیں اور پاکستان میں کنگ میکر بنا ہوا ہے، جیو سوپر کو رائٹس غیر قانونی طور پر دیئے گئے جبکہ نجم سیٹھی کو 35 پنکچر لگانے کا تحفہ دیا گیا اور جیو کے ملازم کو چیئرمین پی سی بی بنا دیا گیا۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ آئی ایس آئی چیف کا ایک مفروضے کے تحت میڈیا ٹرائل کیا گیا۔ انہوں نے کہا میرشکیل الرحمان نے گھٹیا حرکت کر کے میری خلاف مہم چلائی اور میرے بچوں سمیت میری ذات پر حملہ کیا۔ عمران خان نے قوم سے اپیل کی ہے کہ جیو کا بائیکاٹ کیا جایا۔ عمران خان نے کہا میر شکیل الرحمان کو مناظرے کی دعوت دیتا ہوں لیکن وہ سامنے نہیں آئے گا۔
تحریک انصاف نے پانچ مطالبات رکھیں ہیں کہ میری فیملی کے خلاف گھٹیا مہم چلانے پر جیو معافی مانگے، توہین آمیز پروگرام پر قوم سے معافی مانگے، میر شکیل الرحمان کے بینک اکاؤنٹس اور اثاثوں کی تحقیقات کروائی جائیں۔ آزاد کمیشن سے تحقیقات کرائی جائے کہ میر شکیل کے پاس پیسے کہاں سے آئے؟۔ عمران خان نے کہا میری جہد وجہد ایک نئے پاکستان کی ہے اور میں اپنی یہ کوشش جارہ رکھوں گا۔