ڈیرہ غازی خان: کوہ سلیمان میں بارشوں سے ندی نالوں میں طغیانی

Dera Ghazi Khan

Dera Ghazi Khan

ڈیرہ غازی خان (جیوڈیسک) کوہ سلیمان کے پہاڑی سلسلوں میں بارشوں کی وجہ سے ندی نالوں میں طغیانی آ گئی ہے اور فصلوں کو نقصان پہنچا ہے۔ شمالی وزیرستان میں گہرے بادل چھائے ہوئے ہیں۔

محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف حصوں میں بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ کوہ سلیمان کے پہاڑی سلسلوں میں گزشتہ رات کی بارش کے بعد تونسہ کے 7 برساتی ندی نالوں میں طغیانی کی وجہ سے قبائلی علاقوں سنگڑ، مٹھاون، درہ وہوا، درہ لینڑی، درہ سوری اور درہ درگ کا زمینی رابطہ منقطع ہو گیا ہے۔

بارش سے راجن پور کے درہ کاہا میں طغیانی سے فصلوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔شمالی وزیرستان میں گزشتہ روز کی موسلا دھار بارش کے بعدگہرے بادل چھائے ہوئے ہیں۔

گزشتہ روزبارش کی وجہ سے میران شاہ کے علاقے تنگی قمر میں مکان کی چھت گر نے سے خواتین اور بچوں سمیت 8 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔سندھ اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں گزشتہ روز ہلکی بارش کے بعد گرمی کم ہو گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا، بلوچستان، پنجاب اور کشمیر میں کہیں کہیں ہلکی بارش کا امکان ہے۔