کراچی (جیوڈیسک) ایف آئی اے نے ایمبولینس کے نام پر لگژری گاڑیاں منگواکر قومی خزانے کو 75 کروڑ سے زائد کا نقصان پہنچانے والے ایک اور ملزم کو گرفتار کر لیا ہے، مذکورہ کیس میں ایف آئی اے نےایک کلیئرنگ ایجنٹ اعظم کو گزشتہ ماہ گرفتارکیا تھا جبکہ کسٹم حکام سمیت 13 افراد کے خلاف تحقیقات کی جارہی ہیں۔
ذرائع کے مطابق ایف آئی اے کرائم سرکل نے 308 لگژری گاڑیاں ایمبولینس کے نام پر منگوا کر فروخت کرنے کے کیس میں مرکزی ملزم راشد رفیق کو گرفتار کر لیا ہے ملزم امپورٹر بتایا جاتا ہے اس کی جانب سے کسٹم حکام کے ساتھ ملی بھگت کر کے رفاعی اداروں کے نام پر ایمبولینس کی درآمد کا سلسلہ شروع کیا گیا تھا۔
ایف آئی اے ذرائع کے مطابق مذکورہ گاڑیوں کی ایمبولینس کے نام پر درآمد کی وجہ ڈیوٹی اور ٹیکسز کی مد میں قومی خزانے کو 75 کروڑ 50 لاکھ روپے کا نقصان پہنچایا گیا اور کسٹم حکام نے بغیر کسی تصدیق کے ان گاڑیوں کو کلیئر کیا تھا۔
ذرائع کے مطابق اس کیس میں چوہدری ندیم، مغیث الرحمان، عاشق حسین، افضل شہزاد، سمیت مزید 13 افرادکے خلاف اہم ثبوت حاصل کر لئے گئے ہیں جن میں ایک اہم عہدے پر فائض کسٹم افسر کے علاوہ دیگر حکام شامل ہیں اور انکی گرفتاری کے لئے کوششیں شروع کردی گئی ہیں۔