اسلام آباد (جیوڈیسک) وزارتِ پانی و بجلی نے تسلیم کیاہے کہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں میں 4 سے 6 گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جا ری ہے۔ ملک میں آج بھی بجلی کا شارٹ فال 2 ہزار 100 میگاوٹ پر برقرار ہے۔ دوسری جانب اوچ سبی ٹرانسمیشن لائن کے 2 ٹاورز دھماکا خیز مواد سے اڑا ئے جانے کے باعث سسٹم کو 385 میگاواٹ بجلی کی کمی کا سامنا ہے۔
ترجمان این ٹی ڈی سی کے مطابق ملک میں بجلی کی پیداوار 11 ہزار 200 میگاواٹ اورطلب 13 ہزار 300 میگاواٹ ہے، ہائیڈل کے ذریعے 4 ہزار 260 میگاواٹ بجلی پیدا ہو رہی ہے، تھرمل کا بجلی کی پیداوار میں حصہ 1 ہزار 480 میگاواٹ اور آئی پی پیز کا 5 ہزار 460 میگاواٹ ہے،این ٹی ڈی سی ترجمان نے تسلیم کیا ہے کہ بجلی کی تقسیم کارکمپنیوں ڈسکوز میں 4 سے 6 گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ کے شیڈول پر عمل درآمد کیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب بتایا گیا ہے کہ شرپسندوں نے گزشتہ رات 220 کیوی اوچ سبی ٹرانسمیشن لائن کے 2 ٹاورز دھماکا خیز مواد سے اڑا دیئے، جس کے باعث 385 میگا واٹ اوچ پاور پلانٹ سے بجلی کی سپلائی معطل ہے۔