اسحاق ڈار کا بابرغوری سے رابطہ ، احتجاج ملتوی کرنے پر شکریہ ادا کیا

Ishaq Dar, Babar Ghori,

Ishaq Dar, Babar Ghori,

کراچی (جیوڈیسک) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے لندن فون کر کے ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے رکن سینیٹر بابر غوری سے گفتگو کی اور قائد تحریک الطاف حسین کے شناختی کارڈ کے اجراء کے معاملے پر احتجاجی مظاہرے ملتوی کرنے پر ایم کیوایم کی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔

سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا کہ وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ الطاف حسین کے شناختی کارڈ کے اجراء کے معاملے کوخوش اسلوبی کے ساتھ جلد از جلد حل کر لیا جائے۔ دریں اثناء یورپی یونین کے لئے اسلامی ممالک کے سفارتی مشاہدہ کار فیصل محمد نے حکومت پاکستان پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے۔

کہ حکومت پاکستان الطاف حسین جیسے قومی رہنماکے خلاف غیرذمہ دارانہ رویہ اختیارکیے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیوایم کے قائدالطاف حسین کو NICOP کارڈ جاری نہ کرنا اقوام متحدہ کے چارٹربرائے بنیادی انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

علاوہ ازیں ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی نے یورپی یونین کے لئے اسلامی ممالک کے سفارتی مشاہدہ کارفیصل محمدکی جانب سے قائدتحریک الطاف حسین کو NICOP جاری کرنے کے لئے آواز بلند کرنے پران سے اظہار تشکر کیااور الطاف حسین اور ایم کیوایم کی جانب سے فیصل محمد کاتہہ دل سے شکریہ ادا کیا ہے۔