وفاق کا کراچی کے لئے خصوصی ترقیاتی پیکیج تیار کرنیکا فیصلہ

Development

Development

کراچی (جیوڈیسک) وفاق نے کراچی کی ترقی کے لئے خصوصی ترقیاتی پیکیج شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے، اس کا نام ’’کراچی کی ترقی، پاکستان کی ترقی‘‘ رکھنے کی تجویز زیر غورہے، جبکہ پیکیج کے لئے 50 ارب روپے کی گرانٹ دینے پر بھی غور کر رہی ہے تاہم اس گرانٹ کاحتمی تعین منصوبوں کی فزیبلٹی رپورٹ کوسامنے رکھ کر کیا جائے گا،

وزیراعظم نواز شریف نے کراچی پیکیج کی تیاری کے لیے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو خصوصی ٹاسک دے دیا ہے، ان کی معاونت وفاقی وزیر پلاننگ وڈیولپمنٹ احسن اقبال کریں گے، وفاق سندھ حکومت، بلدیہ عظمیٰ کراچی اور دیگر متعلقہ اداروں کی مشاورت سے کراچی میں انفرا اسٹرکچر کی سہولتیں بہتر بنانے اور بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے لیے ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے پیکیج تیار کرے گا۔

اس پیکیج میں کراچی میں پینے کے پانی کی فراہمی، سڑکوں، پلوں، انڈربائی پاسز کی تعمیر، نکاسی آب اور دیگر سہولتوں کی فراہمی کے منصوبے شامل کیے جائیں گے، ان تمام منصوبوں کی فزیبلٹی رپورٹ سندھ حکومت تیار کر کے وفاق کو بھیجے گی۔

اور وفاقی حکومت اپنی جانب سے بھی انفرااسٹرکچر کے 3 سے 4 بڑے منصوبوں کا اعلان کریگی ، منصوبوں کے حوالے سے 70 فیصد فنڈز وفاق جبکہ 30 فیصد فنڈز سندھ حکومت جاری کرے گی،انفرااسٹرکچر کی فراہمی کے لیے غیرملکی سرمایہ کاروں کو بھی کراچی ترقیاتی پیکیج میں شمولیت کی دعوت دی جائے گی۔