ملتان (جیوڈیسک) پاکستانی آم یورپی یونین کی منڈیوں میں بھارت کو شکست دینے کو تیار ہے کیونکہ مختلف بیماریوں کے جراثیم اور دیگر ممنوعہ موادکی موجودگی کی وجہ سے یکم مئی کو یورپی یونین نے بھارتی سبزیوں اور پھلوں کی درآمد پر پابندی عائد کردی تھی۔
آم کی برآمدایک ایسا شعبہ ہے جہاں پاکستان کوبھارت پرسبقت حاصل ہے،گزشتہ سال پاکستان نے ایک لاکھ ٹن آم برآمدکئے اور 44.6 ملین ڈالر زرمبادلہ حاصل کیا، جس کے مقابلے میں بھارت کی آم کی برآمدات 56 ہزارٹن رہیں۔
بھارتی آم پرپابندی کے بعد پاکستان کے پاس موقع ہے کہ وہ یورپی منڈیوں میں پیداہونیوالے اس خلاکو پر کردے۔ صوبائی پارلیمانی سیکرٹری برائے زرعی اجناس راجہ اعجازاحمد نون کہتے ہیں کہ اس کیلئے ملک میں زراعت کا معیار بڑھانے کی ضرورت ہے اور یہ بھی خیال رکھنا ہوگا کہ بھارت نے اس معاملے میں کہاں غلطی کی۔