ملتان میں چوری کا مقدمہ درج کرانے پر ملزمان کا بزرگ شہری پر بدترین تشدد

Multan

Multan

ملتان (جیوڈیسک) قطب پور میں چوری کامقدمہ درج کروانے پر ملزمان نے بزرگ شہری کو بدترین تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد سر، مونچھیں اور داڑھی مونڈ کرمنہ کالا کر دیا۔

ملتان کے علاقے گراس منڈی کے رہائشی 50 سالہ رحمت اللہ نے تھانہ قطب پور میں اپنے گھر سے رقم چوری پرمقدمہ درج کرایا تاہم اب رحمت اللہ نے الزام عائد کیا ہے کہ اتوار کی رات عاقب اور صفدر نامی افراد اپنے ساتھیوں کے ہمراہ اس کے گھر آئے اور اسے چوری شدہ رقم دینے اور مقدمے میں صلح کرنے کا کہہ کر گھر سے لے گئے، لیکن راستے میں اسے تشدد کا نشانہ بنایا جب کہ اس کی داڑھی، مونچھیں، سر کے بال مونڈ ڈالے اور اس کا منہ کالا کر دیا۔

ایس ایچ او تھانہ قطب پور فیضان قیوم نے بتایا کہ رحمت اللہ مقدمات درج کرانے کا عادی ہے، اس کا چوری کا مقدمہ بھی درج ہے لیکن تشدد، منہ کالا کرنا اوربال مونڈنے کے بعد وہ تھانے نہیں آیا، انہوں نے کہاکہ اب رحمت اللہ سے رابطہ کرکے واقعہ کی تحقیقات کرنے کے بعد کاروائی کی جائے گی۔