انقرہ (جیوڈیسک) ترکی میں پولیس نے کان حادثے کی تحقیقات شروع کر دی، اس سلسلے میں 18 افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جن میں کان کمپنی کے انتظامی افسر اور اہلکار بھی شامل ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق قصبہ سوما کی عدالت میں پراسیکیوٹرز گرفتار افراد سے تفتیش کر رہے ہیں۔ پولیس نے قصبہ سوما کی سیکیورٹی سخت کر دی ہے اور جگہ جگہ چیک پوائنٹس قائم کر دیے گئے ہیں جبکہ مظاہروں پر پابندی کی خلاف ورزی کے الزام میں دسیوں افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
کان سے 301 لاشیں نکال لی گئی ہیں اور حکومت نے ریسکیو آپریشن ختم کر دیا ہے۔ کان حادثے کے خلاف ملک کے اکثر شہروں میں حکومت کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے جا رہے ہیں۔