اہلبیت کرام کی توہین پر مبنی پروگرام نشر کرنے کی بھر پور مذمت کرتے ہیں: سید طیب حسین رضوی

Geo

Geo

مصطفی آباد/للیانی (ممران سلفی سے) سابقہ امیدوار صوبائی اسمبلی حلقہ پی پی 175 سید طیب حسین رضوی ایڈووکیٹ نے کہا کہ اہلبیت کرام کی توہین پر مبنی پروگرام نشر کرنے کی بھر پور مذمت کرتے ہیں، توہین اہلبیت میں ملوث نجی ٹی وی چینل جیو نیوز پر فی الفور پابندی عائد کی جائے۔ میڈیا کو قانونی و اخلاقی ضابطوں کا پابند بنایا جائے تاکہ آئندہ کوئی ایسی جسارت نہ کرے۔ اہلبیت کرام کی توہین ہر گزبرداشت نہیں کی جاسکتی ایک میڈیا گروپ کا چھپا چہرہ بے نقاب ہو گیا ہے۔

پوری قوم جیو/جنگ کا سوشل بائیکاٹ کر دے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ ملکی سلامتی و وقار کیخلاف زہر اگلنے پر اگر جیو/ جنگ کے خلاف ایکشن لیا جاتا تو یقیناآج یہ نوبت نہ آتی حکومت اٹھارہ کروڑ عوام کو پیمرا بننے سے روکنے کے لیے جیو /جنگ پر فی الفور پابندی لگائے ورنہ جیو کی ملکی سلامتی و مذہبی جذبات مجروح کرنے والی آگ پوری قوم کو اپنی لپیٹ میں لے سکتی ہے۔

اہلبیت کی شان میں گستاخی ناقابل معافی جرم ہے ۔ جیو/ جنگ غیرملکی اور دین ووطن دشمن قوتوں کا آلہ کار بن کر سامنے آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ارض وطن اور دینی جذبات کو مجروح کرنیوالا جیو چینل آج بھی آزادی اظہار رائے کے نام پر مسلمانوں کے دلوں کو ٹھیس پہنچا رہا ہے اس پر فی الفور پابندی لگائی جائے اور میڈیا کے لیے بنائے گئے اخلاقی و قانونی تقاضوں کو پورا کیا جائے۔