کراچی (جیوڈیسک) سندھ کے گورنر ڈاکٹر عشرت العباد خان متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کی غلط فہمیاں دور کرنے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔
حکومتی شخصیات کی یقین دہانی پر متحدہ قائد نے رابطہ کمیٹی کو ہدایت کی ہے کہ پاسپورٹ اور شناختی کارڈ کے معاملے پر احتجاج ختم کردیا جائے۔ اب توقع ہے کہ ڈاکٹر عشرت العباد خان گورنر سندھ کے منصب پر خدمات انجام دیتے رہیں گے۔
ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے گزشتہ روز ایک چینل سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ کے بعض اقدامات کے حوالے سے دکھ کا اظہار کیا تھا جس کے بعد یہ خبر آئی تھی کہ وہ دبئی جاسکتے ہیں، ایم کیو ایم کی قیادت ان سے استعفیٰ طلب کرسکتی ہے یا وہ مستعفیٰ ہو سکتے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم اور گورنر سندھ کے درمیان بعض امور پر جو خلیج پیدا ہوئی تھی اسے بھی مشاورت سے دور کر لیا گیا ہے۔