لاہور : محکمہ معدنیات حکومت پنجاب نے شفاف پالیسی، مانیٹرنگ اورفول پروف طریقہ کار کے ذریعے ضلع گجرات میں دریائے چناب کے ریت کے بلاکس گزشتہ سال کی نسبت 31 کروڑ 72 لاکھ 60 ہزار روپے کی اضافی آمدنی کے ساتھ نیلام عام کے لئے پیش کر دیئے۔
اس سال یہ ٹھیکہ جات 34 کروڑ 52 لاکھ 60 ہزار روپے میں فروخت ہوئے، گزشتہ سال بولی صرف 2 کروڑ 80 لاکھ روپے تھیـ تفصیلات کے مطابق محکمہ معدنیات حکومت پنجاب قواعد و ضوابط کے مطابق عام ریت کے ٹھیکہ جات کے ذریعے سرکاری آمدنی میں اضافے کے لئے بھرپور کوششیں کر رہا ہے جس کے لئے محکمہ معدنیات نے شفاف طریقہ کار وضع کر کے ٹھیکہ جات کی عطائیگی کے لئے ہر ضلع میں نیلام کمیٹی قائم کی ہےـ محکمہ معدنیات حکومت پنجاب مربوط طریقہ کار’ مستعدی اور بھرپور مانیٹرنگ کے ذریعے اس امر کو یقینی بنارہا ہے کہ ریت کے ٹھیکہ جات کی نیلامی میں اجارہ داری کا عنصر شامل نہ ہونے پائےـ محکمہ معدنیات کے حکام کی مسلسل کوششوں کے نتیجے میں پنجاب بھر کے تمام اضلاع میں عام ریت کے ٹھیکہ جات سابقہ بولیوں کی نسبت اس بار معقول اضافے کے ساتھ پیش کئے جا رہے ہیں۔
اسی سلسلہ میں ضلع گجرات میں دریائے چناب کے بلاک آج نیلام عام میں پیش کئے گئے جس میں محکمہ معدنیات کی فول پروف کوششوں کے نتیجے میں کسی قسم کا پول نہیں ہونے دیا گیااور یہ ٹھیکہ جات واضح طور پر حکومت پنجاب کے لئے اضافی سرکاری آمدنی کا باعث بنے ہیںـ دریائے چناب کے بلاک نمبر 1 تا 3 جس کی سابقہ بولی 2کروڑ 50ہزار روپے تھی جبکہ حکومتی کوششوں سے یہ بڑھ کر 20 کروڑ 40 لاکھ روپے تک جا پہنچی ہے ـاسی طرح غلام کوٹ کے ریت کے بلاک کی موجودہ بولی 5کروڑ 12 لاکھ 60 ہزار روپے رہی’ جو اس سے پہلے گزشتہ سال صرف 12 لاکھ 50ہزار روپے تھیـ اسی طرح شہبازپور زون کے بلاک کی سابقہ بولی محض 18لاکھ روپے تھی جو اس بار واضح فرق کے ساتھ 9 کروڑ روپے تک جا پہنچیـ اس طرح محکمہ معدنیات کی کوششوں سے ریت کے ان پٹہ جات کی موجودہ بولی 34 کروڑ 52 لاکھ 60 ہزار روپے رہی ‘ جو ماضی میں صرف 2 کروڑ 80 لاکھ روپے تھیـ ترجمان کے مطابق بولی کے شفاف طریقہ کار کو دیگر اضلاع میں بھی جاری رکھا جائے گا تاکہ نیلام عام کے عمل کوشفاف ترین بنا کرقومی آمدنی میں اضافے کے ساتھ ساتھ ملکی و بیرونی سرمایہ کاری کو بھی فروغ دیا جا سکے۔