مہمند ایجنسی، لوئر سب ڈویژن یکہ غنڈ کے علاقہ کڑپہ سے 4 افراد کی لاشیں برآمد

Mohmand Agency

Mohmand Agency

مہمند ایجنسی ( تاج محمد سے) مہمند ایجنسی، لوئر سب ڈویژن یکہ غنڈ کے علاقہ کڑپہ سے 4 افراد کی لاشیں بر آمد۔ لاشوں کے قریب ایک شخص شدید زخمی حالت میں پڑا تھا۔ زخمی شخص کو سیکورٹی فورسز نے پشاور ہسپتال منتقل کر دیا۔ پولیٹیکل انتظامیہ رپورٹ کے مطابق بروز پیر صبح پانچ بجے پولیٹیکل حکام کو اطلاع ملی کہ تحصیل یکہ غنڈ کے علاقے کڑپہ میں 4 افراد کی لاشیں پڑی ہیںاور لاشوں کے ساتھ ایک زخمی شخص بھی پڑا ہے۔

جب انتظامیہ لیویز و خاصہ دار فورس کے ہمراہ وہاں پہنچی تو معلوم ہوا کہ گولیوں سے چلنی چار لاشیں پڑی تھی۔ انتظامیہ کے مطابق مارے گئے افراد کا تعلق خیبر ایجنسی سے تھا۔ جبکہ زخمی احمد ولد سلطان ذخہ خیل کو فوری طور پر پشاورلیڈی ریڈنگ ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ بعد میں انتظامیہ نے لیویز فورس کے ذریعے لاشوں کو خیبر ایجنسی کے اسسٹنٹ پولیٹیکل ایجنٹ جمرود روشن محسود کے حوالے کیا۔ تا حال تحقیقات جاری ہیں۔