ٹارگٹ کلرز اوربھتہ خوروں سمیت 170 ملزم گرفتار

Extortionists

Extortionists

کراچی (جیوڈیسک) شہر میں فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ کی وارداتوں میں اضافہ ہوا ہے، غربی اور وسطی پولیس نے ٹارگٹ کلرز اور بھتہ خوروں سمیت 170 ملزم گرفتار کرلیے۔

ٹارگٹ کلرز کی پشت پناہی کرنے والوں کے خلاف بھی کارروائی ہوگی، یہ بات ڈی آئی جی ویسٹ جاوید عالم اوڈھو نے پریس کانفرنس میں بتائی ،انھوں نے کہا کہ پولیس نے گزشتہ 24 گھنٹے میں 8 ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔

جس میں ٹارگٹ کلرز ، بھتہ خور اور دہشت گرد شامل ہیں ،عزیز آباد پولیس نے ٹارگٹ کلر فہیم عرف وڈیرا ولد ندیم احمد کو گرفتار کر کے اسلحہ اور موٹر سائیکل برآمد کرلی، نیو کراچی پولیس نے دہشت گرد فیضان کو گرفتار کر کے 5 دستی بم ، اسلحہ اور چھینی ہوئی موٹر سائیکل برآمد کرلی ،مومن آباد پولیس نے ایک ملزم دلاور ولد محمد خان کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کرلیا۔

بلال کالونی پولیس نے 2 بھتہ خوروں محمد حسین اور عقیل احمد کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کرلیا ، مدینہ کالونی پولیس نے مقابلے کے بعد زخمی ڈکیٹ عمران عرف ملا کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کرلیا جبکہ نیو کراچی صنعتی ایریا پولیس نے منشیات فروش لکھمیر عرف لکھو کو گرفتار کرکے اسلحہ اور چھینی ہوئی موٹر سائیکل برآمد کرلی۔