سپریم کورٹ نے پیپلز پارٹی کے رہنما بابر اعوان کے وکالت کا لائسنس بحال کر دیا

Babar Awan

Babar Awan

اسلام آباد (جیوڈیسک) سپریم کورٹ نے 2 سال بعد پیپلز پارٹی کے رہنما سینیٹر بابر اعوام کی وکالت کا لائسنس بحال کر دیا۔

جسٹس انورظہیرجمالی کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3 رکنی بینچ نے بابر اعوان کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت کی، سماعت کے دوران عدالت عظمٰی نے بابر اعوان کا لائسنس بحال کردیا، فاضل عدالت نے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ فاضل بینچ 17 جنوری 2012 کے فیصلے میں سے صرف لائسنس معطلی کا حکم واپس لے رہا ہے تاہم بابر اعوان کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی اسی طرح جاری رہے گی۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے 2012 میں توہین عدالت پر بابر اعوان کا لائسنس معطل کر دیا تھا۔ کچھ عرصہ قبل انہوں نے اپنے لائسنس کی بحالی کی درخواست دائر کی تھی جس میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ ان کے خلاف مقدمے کی سماعت تاخیر کا شکار ہورہی ہے جبکہ وکالت نامہ معطل ہونے کی وجہ سے وہ مالی مشکلات کا شکار ہیں۔