لاہور (جیوڈیسک) صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ عمران خان سٹیبلشمنٹ خان اور غیر جمہوری قوتوں کے آلہ کار بن گئے ہیں۔ سونامی خان جس ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں وہ کامیاب نہیں ہوں گے۔
پاکستان کے تمام ادارے جمہوریت اور آئین پر یقین رکھتے ہیں۔ پنجاب اسمبلی کے باہر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف اسلام آباد کے بعد فیصل آباد میں تماشا لگانا چاہتی ہے۔ اسلام آباد کی طرح فیصل آباد میں بھی ان کا شو فلاپ ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف جس ایجنڈے پر کام کر رہی ہے وہ کامیاب نہیں ہو گی۔ سیاسی اور گروہی سیاست کیلئے مذہب کی آڑ نہیں لینی چاہیے۔
انہوں نے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ آمریت کی نوکری کی اور اب ایک بار پھر نوکری کی تلاش میں پاگلوں کی طرح نعرے مارتے پھر رہے ہیں۔