کراچی (جیوڈیسک) ملک بھر میں موسم خشک اور گرم ہے، بلوچستان کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش جاری ہے۔ کوہ سلیمان میں 5 روزبعد بارشوں کا سلسلہ رک گیا ہے۔
کوہ سلیمان کے پہاڑی سلسلوں میں گزشتہ روز بارشوں کا سلسلہ تھم گیا ہے ، جس کے بعد ندی نالوں میں پانی کی سطح کم ہوگئی ہے۔ 5 روزکی بارشوں سے کچے کے علاقوں اور تونسہ کی 15 بستوں میں گھروں اور فصلوں کو نقصان پہنچا ہے۔
بلوچستان کے شمالی علاقوں ہرنائی ، ژوب اور پہاڑی علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش اور ژالہ باری جاری ہے جس سے موسم سرد ہوگیاہے۔ پنجاب کے مختلف شہروں میں گزشتہ روز کی بارش کے بعد گرمی کی شدت کم ہے ، سندھ بھر موسم گرم ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آیندہ 24 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد، پنجاب ، مالاکنڈ ، ہزارہ ڈویژن، کشمیر اور گلگت بلتستان کے چند مقامات پر تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔