شمالی وزیرستان (جیوڈیسک) شمالی وزیرستان کی تحصیل میر علی اور بویا میں جیٹ طیاروں کی بمباری سے غیرملکیوں سمیت 60 سے زائد شدت پسند ہلاک ہوگئے، میران شاہ اور میر علی میں گن شپ ہیلی کاپٹروں سے شیلنگ بھی کی گئی۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق شمالی وزیرستان میں شدت پسندوں کے خلاف کارروائی رات تقریباً 2 بج کر 45 منٹ پر کی گئی۔ میر علی میں حسو خیل، ایسوڑی، حرمز اور موسکی جبکہ تحصیل بویا کے علاقوں دیگان اور لانڈمحمدخیل میں شدت پسندوں کے ٹھکانوں پر جیٹ طیاروں سے بمباری کی گئی۔
کارروائی میں غیر ملکیوں سمیت درجنوں شدت پسند مارے گئے اور کئی ٹھکانے تباہ ہوئے۔ صبح سویرے میران شاہ اور میر علی کے مختلف علاقوں پر گن شپ ہیلی کاپٹروں سے شیلنگ بھی کی گئی تاہم اس میں اب تک کسی ہلاکت کی اطلاع نہیں ملی۔ دوسری جانب شمالی وزیرستان کے تمام علاقوں میں غیر معینہ مدت کے لئے کرفیو نافذ کردیا گیا ہے۔