الیکشن کمیشن: عمران خان کے الزامات پر وزیراعظم کے حلقے میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا حکم

Election Commission

Election Commission

اسلام آباد (جیوڈیسک) این اے 68 کے ووٹوں کا ریکارڈ طلب، دیکھا جائے گا 1500 رجسٹرڈ ووٹوں والے پولنگ اسٹیشن پر 8 ہزار ووٹ کیسے کاسٹ ہوئے؟ 100 فیصد سے زائد ٹرن آؤٹ ممکن نہیں، تحقیقات کا فیصلہ کر لیا، حقائق سامنے لائیں گے، ترجمان ، چیئرمین پی ٹی آئی کا خیر مقدم الیکشن کمیشن نے 100 فیصد سے زائد ٹرن آؤٹ کے عمران خان کے الزامات کی تحقیقات کرانے کا فیصلہ کرتے ہوئے وزیر اعظم کے انتخابی حلقے این اے 68 سرگودھا میں رجسٹرڈ اور کاسٹ کیے گئے ووٹوں کا ریکارڈ طلب کر لیا ہے۔

منگل کو قائم مقام چیف الیکشن کمشنر جسٹس ناصر الملک کی سربراہی میں الیکشن کمیشن کے ارکان کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں انتخابی دھاندلیوں سے متعلق سامنے آنے والے الزامات اور سیاسی جماعتوں کی جانب سے الیکشن کمشنرز کے استعفے کے مطالبے کا معاملہ زیر غور آیا۔ اس دوران فیصلہ کیا گیا کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی جانب سے عام انتخابات میں وزیر اعظم کے حلقہ انتخاب این اے 68 سرگودھا میں 100 فیصد سے زائد ٹرن آؤٹ کے الزامات کی تحقیقات کی جائے گی۔ ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق عمران خان نے اپنے الزامات میں کہا تھا کہ این اے 68میں ایک پولنگ اسٹیشن ایسا ہے جہاں رجسٹرڈ ووٹ 1500 تھے لیکن وہاں 8 ہزار ووٹ کاسٹ کیے گئے۔

ترجمان کے مطابق الیکشن کمیشن نے ریٹرننگ افسروں کو خط لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ رجسٹرڈ ووٹوں اور کاسٹ کیے گئے ووٹوں کا ریکارڈ بھجوایا جائے تا کہ حقائق سامنے لائے جا سکیں۔ ترجمان کے مطابق 100 فیصد سے زائد ٹرن آؤٹ ممکن نہیں ہے، دیکھیں گے کہ یہ کس طرح ہوا ہے، جتنے ووٹ کسی حلقے میں رجسٹرڈ ہوتے ہیں اس حلقے میں اتنے ہی بیلٹ پیپر جاری ہوتے ہیں، حقائق قوم کے سامنے لائیں گے۔ عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں الیکشن کمیشن کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔