اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس، قومی سلامتی سے متعلقہ امور کا جائزہ، آرمی چیف نے اپنے دورہ کابل کی تفصیل سے آگاہ کیا طالبان سے مذاکرات میں پیش رفت سے متعلق بھی مشاورت کی گئی، ڈی جی ملٹری آپریشنز کی سرحدی صورتحال پر بریفنگ وزیراعظم محمد نواز شریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کے اجلاس میں قومی سلامتی سے متعلقہ امور کا جائزہ لیا گیا۔وزیراعظم ہائوس میں ہونے والے اجلاس میں وزیر داخلہ چودھری نثار علی، وزیر اعظم کے مشیر سرتاج عزیز، آرمی چیف جنرل راحیل شریف، ڈی جی ملٹری آپریشنز، ڈی جی آئی ایس آئی اور دیگر عسکری حکام شریک ہوئے۔
ذرائع کے مطابق افغانستان سے امریکی افواج کے انخلا، افغانستان اور بھارت میں انتخابات کے بعد کی صورتحال کے تناظر میں سلامتی کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ آرمی چیف نے اجلاس کو اپنے دورہ کابل کی تفصیل سے آگاہ کیا۔ ڈی جی ملٹری آپریشنز نے سکیورٹی اور سرحدی صورتحال پربریفنگ دی۔ اجلاس میں طالبان سے مذاکرات میں پیش رفت سے متعلق بھی مشاورت کی گئی۔ وزیرداخلہ نے طالبان سے مذاکرات کے معاملہ پر شرکا کو بریفنگ دی۔ اجلاس میں کراچی اور بلوچستان کی صورتحال بھی زیر غور آئی۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا حکومت قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے پر عزم ہے، تمام تر فیصلے ملکی اور قومی مفاد میں کیے جائیں گے۔