لاہور (جیوڈیسک) نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی نے فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمت میں ایک روپے 48 پیسے فی یونٹ کمی کی منظوری دے دی ہے تاہم اس کا اطلاق کے الیکٹرک پر نہیں ہو گا۔ اپریل میں فرنس آئل کی قیمتوں میں کمی کے باعث بجلی کی پیداواری لاگت میں بھی کمی ہوئی۔
گزشتہ ماہ کے دوران 58 ارب 67 کروڑ روپے کی لاگت سے 7 ارب 49 کروڑ یونٹ بجلی پیدا کی گئی۔ بجلی کی پیداواری لاگت میں کمی کو دیکھتے ہوئے سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے نیپرا سے بجلی ایک روپے 48 پیسے فی یونٹ سستی کرنے کی درخواست کی جسے منظور کر لیا گیا ہے۔ بجلی کی قیمتوں میں کمی کا اطلاق جولائی کے مہینے میں ’’کے الیکٹرک‘‘ کے علاوہ ملک کی تمام ڈسٹری بیوشن کمپنیوں پر ہو گا۔