لاہور: سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو ندیم اشرف نے کہا ہے کہ وزیراعلی پنجاب کی ہدایات پر پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ،محکمہ مال کی جانب سے فردات ملکیت کے حصول کو اور بھی آسان بنا دیا گیا ہے۔ پہلے مالکان اراضی کو رجسٹر حقداران زمین کی فرد ملکیت کے حصول کے لئے ہزاروں روپے ادا کرنے پڑتے تھے اب اس فیس کو میزان کھیوٹ کے لئے 150/- روپے تک محدود کر دیا گیا ہے ۔ اس سلسلے میں بذریعہ نوٹیفیکیشن نمبر 786-2014/270-LR-II ،13 مئی پنجاب بھر میں ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیشن آفیسرز اور اسسٹنٹ کمشنر کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اب تک 114 تحصیلوں میں اراضی ریکارڈ سنٹرز کے ذریعے مالکان وحقداران اراضی کو فرد ملکیت کے اجراء اور انتقال اراضی کی کمپیوٹرائزڈ سہولیات مہیا کی جارہی ہیں۔
خدمات کے اعلی معیار کو برقرار رکھنے کے لئے ایک طرف تو محکمہ کی جانب سے سنٹر کے عملہ اور کارکردگی کی مسلسل نگرانی کی جاتی ہے اور دوسری طرف وزیراعلی پنجاب کی جانب سے سنٹر سے خدمات حاصل کرنے والے تمام افراد سے ان کی رائے حاصل کی جاتی ہے۔ ترجمان کے مطابق کمپیوٹرائزڈ سروسز سے مستفید ہونے والے شہریوں میں سے 99 فیصد سے زائد افراد نے نا صرف ان خدمات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے بلکہ عوامی خدمت کے اس منصوبہ پر خوشی اور تشکر کا اظہار کیا۔سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو ندیم اشرف نے کہا ہے کہ عوام کی سہولت کے پیش نظر وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے اراضی ریکارڈ کے حصول اور انتقال اراضی کے سلسلے میں عوام کو درپیش مسائل کے سد باب کے لئے کمپیوٹرائزیشن آف لینڈ ریکارڈ کے منصوبے کو نہایت تیز رفتاری سے مکمل کرنے میں کوشش کریں گے۔