گجرات : ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے کہا ہے کہ بچے قوم کا مستقبل ہیں انکی تعلیم و تربیت پر خصوصی توجہ دینا معاشرے کی ذمہ داری ہے تاکہ وہ اچھے شہری بن سکیں اور مستقبل میں بہتر انداز سے ملک و قوم کی بھاگ ڈور سنبھالنے کے قابل بن سکیں۔
ان خیالات کااظہار انہوں نے جناح پبلک سکول کے طلبہ کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ وفد کی قیادت سکول کے اساتذہ کرام نے کی جبکہ اے سی گجرات افشاں رباب بھی اس موقع پر موجود تھیں۔ ڈی سی او نے طلبہ کو ضلعی حکومت اور انتظامیہ کی ذمہ داریوں اور کردار کے حوالے سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔
ڈی سی او نے وفد کو بتایا کہ پنجاب حکومت نے صوبے میں دانش سکولوںکے قیام، لیپ ٹاپس کی تقسیم، سولر لیمپس کی تقسیم ، پوزیشن ہولڈر طلبہ کو گار ڈ آف آنر پیش کرنے جیسے انقلابی اقدامات کئے ہیں۔
سرکاری تعلیمی اداروں میں کمپوٹر لیب اور عدم دستیاب سہولیات کی فراہمی پر اربوں روپے خرچ کیے جا رہے ہیں جبکہ اساتذہ کی کمی پوری کرنے کے لئے ہزاروں اساتذہ کی بھر تی کی گئی ہے۔
ڈی سی او نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ اپنی تعلیم پر بھر پور توجہ دیں تاکہ جدید دنیا اور مستقبل کے چیلنجز کے مقابلہ کے قابل ہوسکیں۔ سکول کی پرنسپل نے ڈی سی او کو جناح پبلک سکول کی نصابی و ہم نصابی سرگرمیوں سے آگا ہ کیا۔