انڈونیشیا میں فٹبال میچ کے دوران مخالف ٹیم کے گول کیپر کی ٹکر سے کھلاڑی ہلاک ہوگیا

Football Match

Football Match

جکارتہ (جیوڈیسک) فٹ بال میچ کے دوران کھلاڑیوں کو اکثر چھوٹی موٹی چوٹیں تو لگتی ہی ہیں لیکن کبھی کسی نے یہ نہیں سوچا تھا کہ یہ کھیل کسی کھلاڑی کی جان بھی لے سکتا ہے تاہم ایسا جان لیوا واقعہ انڈونیشین فٹ بال پریمیئر لیگ کے دوران اس وقت پیش آیا جب مخالف ٹیم کے گول کیپر کی ٹکر سے زخمی ہونے والا کھلاڑی بعد ازاں جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق انڈونیشین پریمیئر لیگ کے ایک میچ میں پیرسیراجا کلب کے اسٹرائیکر عکلی فیروز گول کرنے کی کوشش میں مخالف ٹیم کے ڈی میں داخل ہوئے تو سیگلی کلب کے گول کیپر آگس رحمان نے ہوا میں اچھل کر فیروز کی گول کرنے کی کوشش روکی تو اس دوران گول کیپر کے نوکیلے جوتے فیروز کے جسم میں پیوست ہوگئے اور وہ زخمی ہونے کے باعث میدان سے باہر چلے گئے جہاں سے وہ بقیہ میچ دیکھتے رہے تاہم شدید تکلیف کے باعث انہیں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ چند دن زیر علاج رہنے کے بعد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔