ابوجا (جیوڈیسک) شمال مشرقی نائجیریا میں بوکوحرم کے جنگجوؤں نے حملہ کر کے 30 دیہاتی قتل کر دیئے۔ اطلاعات کے مطابق جنگجوؤں نے چیبوک کے علاقے میں الگارنو نامی ایک گاؤں پر حملہ کیا اور 30 افراد کو قتل کر دیا۔ جنگجو کئی گھنٹوں تک لوٹ مار کرتے رہے۔ علاقے کے رہائشیوں کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں نے کئی گھروں کو بھی نذر آتش کیا جبکہ درجنوں افراد نقل مکانی کر گئے ہیں۔
واضح رہے کہ الگارنو کے قریب واقع علاقے سے ہی جنگجوؤں نے گزشتہ ماہ سکول کی سینکڑوں طالبات کو اغوا کیا تھا، طالبات کے اغوا پر عالمی برادری کا شدید ردعمل سامنے آیا تھا اور حکومت پر دباؤ ڈالا گیا تھا کہ وہ شدت پسند تنظیم کے خلاف منظم کارروائی شروع کرے۔
دو روز قبل بھی جوس شہر میں دو بم دھماکوں میں 118 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ حالیہ برسوں میں جوس شہر میں عیسائیوں اور مسلمانوں میں پر تشدد جھڑپیں بھی ہوتی رہی ہیں۔ ذرائع کے مطابق شمال مشرقی نائجیریا میں کچھ علاقے سکیورٹی فورسز کیلئے نو گو ایریا بن چکے ہیں اور جنگجو کھل کر کارروائیاں کرتے رہتے ہیں۔