صحافیوں کو زدوکوب کرنا درست نہیں، الطاف حسین

 Altaf Hussain

Altaf Hussain

کراچی (جیوڈیسک) ایم کے ایم کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ جیو نے حساس اداروں کی اعلٰی شخصیات کو صحافتی دائرے سے باہر نکل کر پیش کیا۔ قوم سے معافی مانگنے کے بجائے تناؤ بڑھاتے رہے۔ عوام جیو کے خلاف احتجاج کو پرامن رکھیں۔ صحافیوں کو زدوکوب کرنا درست نہیں۔

متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ مسئلہ چھوٹا ہو یا بڑا اُس پر اختلاف رائے ہر شہری کا حق ہے۔۔ کئی دن سے ایک طبقہ اس بات پر احتجاج کر رہا ہے کہ جیو نے قومی حساس ادارے کی اعلٰی شخصیات کو صحافتی دائرے سے باہر نکل کر پیش کیا۔ جس کی وجہ سے عوام میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی۔

الطاف حسین نے کہا کہ ہونا تو یہ چاہئیے تھا کہ جیوکی اعلٰی انتظامیہ قوم سے معافی مانگتی اور عوام کے جذبات کو ٹھنڈا کیا جاتا لیکن جیو انتظامیہ کے بعض عناصر لڑو، مقابلہ کرو، دیکھا جائے گا کے مصداق تناؤ کو بڑھاتے رہے۔

الطاف حسین کا کہنا تھا کہ غلطیوں کا معاملہ اپنی جگہ لیکن ردعمل کی آڑ میں صحافیوں کو زدوکوب کرنا کسی صورت جائز نہیں۔ انہوں نے عوام سے احتجاج کو پُرامن رکھنے کی اپیل کی ہے۔