کراچی: ناظم آباد میں قاتلوں نے رکشہ میں سوار 2 بھائیوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا

Karachi

Karachi

کراچی (جیوڈیسک) کراچی کے علاقے ناظم آباد میں قاتلوں نے تھانے کے قریب رکشے میں سوار 2 بھائیوں کو فائرنگ کر کے ابدی نیند سلادیا، واقعے سے علاقے میں کشیدگی پھیل گئی۔

ناظم آباد میں 2 بھائیوں شاہکار حسین اور ذوالفقار حسین کو نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے قتل کردیا، لاشیں عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئیں جہاں لواحقین بھی روتے پیٹتے پہنچ گئے۔
ناظم آباد نمبر چار میں تھانے کے قریب نامعلوم موٹر سائیکل سوار قاتلوں نے رکشے میں سوار ذوالفقار اور شاہکار کو اس وقت نشانہ بنایا جب وہ مکان دیکھنے کیلئے جارہے تھے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی لواحقین مردہ خانے پہنچے، جہاں رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے، شاہکار کے الیکٹرک کا ملازم جبکہ ذوالفقار انجینئرنگ کا طالب علم تھا، مقتولین کے بھائی حمزہ کا کہنا ہے کہ ان کی کسی سے دشمنی نہیں۔

ایم ایل او عباسی شہید اسپتال کا کہنا ہے کہ دونوں بھائیوں کو سر اور سینے پر گولیاں لگیں، پولیس کے مطابق ابتدائی طور پر دہرے قتل کی واردات فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ کا شاخسانہ معلوم ہوتی ہے۔