کابل (جیوڈیسک) افغانستان کے شمال مشرقی صوبے بدخشاں میں گزشتہ 2 روز سے جاری مقابلے میں طالبان نے 6 پولیس اہلکاروں کو ہلاک جب کہ 27 افسران کو اغوا کر لیا۔
افغان صوبے بدخشاں کے پولیس چیف جنرل فضل الدین ایار کا کہنا تھا کہ ضلع یمغان میں طالبان نے پولیس چیک پوسٹ پر حملہ کر دیا اوراس دوران جان بچانے کے لئے 27 پولیس افسران ایک غار میں چھپ گئے تاہم مسلح طالبان نے غار کا گھیراؤ کر لیا اورچھپے ہوئے پولیس افسران کو یرغمال بناکراپنے ساتھ لے گئے۔
بدخشاں پولیس چیف کے مطابق ضلع یمگان میں طالبان کے ساتھ چھڑپیں منگل سے شروع ہو کر بُدھ تک جاری رہیں جس کے نتیجے میں 6 پولیس افسر ہلاک اور 5 حملہ آور بھی مارے گئے، دوسری جانب طالبان نے چیک پوسٹ پر حملے اور پولیس افسران کو یرغمال بنانے کی ذمہ داری قبول کرلی۔
واضح رہے کہ طالبان نے نیٹو افواج کے انخلاسے قبل افغان اور نیٹو فورسز کے خلاف آخری معرکے کا آغاز کر رکھا ہے جس میں اب تک متعدد پولیس چیک پوسٹوں پر حملے کئے جا چکے ہیں۔