کوئٹہ (جیوڈیسک) وزیرستان میں گزشتہ روز دہشت گردوں کے حملے میں شہید ہونے والے پاک فوج کے میجر جلال الدین ترین کو ان کے آبائی علاقے میں پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کردیا گیا۔
میجر جلال الدین ترین کا جسد خاکی قلعہ عبداللہ میں ان کے آبائی علاقے کلی سیگی میں لایا گیا جہاں ان کی نماز جنازہ ادا کی گئی، جس میں ان کے عزیز و اقارب کے علاوہ پاک فوج کے افسران و جوانوں کے علاوہ اہل علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
بعد ازاں انہیں ان کے آبائی قبرستان میں پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا۔
شہید میجر جلال الدین کی تدفین کے بعد ان کے لواحقین نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انہیں جلال الدین کی شہادت پر فخر ہے اور وہ چاہیں گے کہ ان کے خاندان کا ہر فرد ملک کے دفاع میں جام شہادت نوش کرے۔