اسلام آباد (جیوڈیسک) ترجمان دفتر خارجہ تسنیم اسلم کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف کے نریندر مودی کی تقریب حلف برداری میں شرکت کرنے یا نہ کرنے کے بارے فیصلہ آج کیا جائے گا، امید ہے کہ نئی بھارتی حکومت کے آنے سے جامع مذاکرات بحال ہوں گے۔ ترجمان دفتر خارجہ تسنیم اسلم نے ہفتہ وار بریفننگ میں کہا کہ بھارت کے ساتھ بلاتعطل، بامقصد اور بامعنی مذاکرات چاہتے ہیں۔
وزیراعظم نواز شریف بھارت گئے تو رسمی اور غیر رسمی ملاقاتیں ہوں گی، دونوں وزرائے اعظم کی یہ پہلی ملاقات ہو گی جس میں تمام تصفیہ طلب امور پر بات ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت بلوچستان میں کالعدم تنظیموں سے تعاون کرتا رہا ہے، ماضی قریب میں بھارت کے ساتھ بلوچستان میں مداخلت کا معاملہ اٹھایا۔