لاہور (جیوڈیسک) ایف آئی اے حکام نے لاہور ایئرپورٹ سے جعلی دستاویزات پر بیرون ملک جانے کی کوشش کرنے والے 4 افراد کو گرفتار کر لیا جبکہ ان افراد کو جعلی کاغذات بنوا کر دینے والے انسانی اسمگلروں کے خلاف بھی مقدمات درج کر لئے۔ ایف آئی اے حکام کے مطابق گرفتار کئے جانے والوں میں ٹوبہ ٹیک سنگھ کا رہائشی ذوالفقار شاہد اور چنیوٹ کے رہائشی اظہر نصیر، ارسلان اور عمران شامل ہیں۔ یہ افراد جعلی دستاویزات پر جنوبی افریقا اور اٹلی جانے کی کوشش کر رہے تھے۔
ایف آئی اے حکام نے چاروں ملزموں کے علاوہ 3 انسانی اسمگلروں زبیر چیمہ، افضل بٹ اور فراز احمد کے خلاف بھی مقدمات درج کر لئے۔ انسانی اسمگلر وں نے بیرون ملک بھجوانے کا جھانسہ دے کر ملزموں سے 18 لاکھ روپے فی کس وصول کئے۔