لاہور میں ہلکی بارش سے موسم خوشگوار، پنجاب کے میں مزید بارش کی پیشگوئی

Rainfall

Rainfall

لاہور (جیوڈیسک) لاہور میں صبح سویرے ہونے والی ہلکی بارش کے بعد موسم خوشگوار ہو گیا جبکہ ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرمی اور خشک ہے، محکمہ موسمیات نے پنجاب کے چند اضلاع اور بالائی علاقوں میں چند ایک مقامات پر ہلکی بارش کی پیشگوئی کی ہے۔

جمعرات کو شدید گرمی پڑنے کے بعد رات گئے تیز ہوائیں چلنا شروع ہو گئیں جس کے بعد صبح سویرے آسمان پر گہرے بادل آ گئے اور ہلکی بارش شروع ہو گئی۔کچھ دیر ابر رحمت برسا تو موسم میں خوشگوار تبدیلی آ گئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹے کے دوران مالاکنڈ، ہزارہ، بنوں،کوہاٹ سمیت راولپنڈی، گجرانوالہ، لاہور اور سرگودھا ڈویژن میں گرد آلود ہوائیں چلنے اور چند ایک مقامات پر ہلکی بارش متوقع ہے۔

سندھ میں آئندہ چوبیس گھنٹے کے دوران درجہ حرارت بڑھنے سے گرمی کی شدت میں اضافے کا امکان ہے ۔ ملتان سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں گرمی کی شدت برقرار ہے جبکہ زیادہ تر حصوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔