لندن (جیوڈیسک) برطانیہ میں ہونے والے یورپی یونین کی پارلیمنٹ اور بلدیاتی الیکشنز کے بعد ووٹوں کی گنتی کا سلسلہ جاری ہے، ابھی تک کے نتائج کے مطابق لیبر پارٹی کو برتری حاصل ہے۔
برطانیہ میں یورپی پارلیمنٹ کی تہتر نشستوں اور ایک سو اکسٹھ لوکل کونسلز کے لئے پولنگ ہوئی۔ لوکل کونسلز کی چار ہزار دو سو سولہ نشستوں اور یورپی پارلیمنٹ کے لئے دو کروڑ تیس لاکھ ووٹرز نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔ ووٹنگ مقامی وقت کے مطابق صبح سات بجے شروع ہوئی جو رات دس بجے تک جاری رہی۔
پولنگ کے بعد ووٹوں کی گنتی کا عمل جاری ہے ، لوکل کونسلز کے اب تک کے نتائج کے مطابق لیبر پارٹی نے سنڈرلینڈ ، جنوبی ٹینیسائد ، سینڈول اور برمنگھم سمیت 15 کونسلز میں برتری حاصل کی ہے جبکہ یونائیٹڈ کنگڈم انڈیپنڈنٹ پارٹی نے روتھرہام سمیت 21 میں سے 10 کونسلز کی نشستیں جیت لی ہیں۔لوکل کونسل کے انتخابات میں سیکڑوں پاکستانیوں نے بھی اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔
دوسری طرف یورپی پارلیمنٹ کی سات سو چھیاسٹھ نشستوں میں سے برطانیہ کی تہترنشستیں پر بھی پولنگ ہوئی جس کی گنتی کا عمل بھی جاری ہے۔