آئیسکو کے سینکڑوں شہداء نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر آئیسکو کو صف اول کی کمپنی بنایا ہے

Islamabad

Islamabad

اسلام آباد (خصوصی رپورٹ )۔ 23 مئی 2014 آئیسکو اور واپڈا کا لائن سٹاف ملک بھر میں بجلی کی فراہمی اور اس کو درپیش مسائل حل کرنے میں بھر پور کردار ادا کر رہا ہے۔ آئیسکو کے محنت کش اپنی جانیں گنوا کر لوگوں کے گھروں کو روشنی فراہم کرنے میں مصروف عمل ہیں۔ یہی وہ لوگ ہیں جو پاکستان کے لئے قیمتی سرمائے کی حیثیت رکھتے ہیں ان خیالات کا اظہار لیبر یونیوی ٹی آف آئیسکو یونین کے صدر عاشق خان نے دوسرا یوم شہداء آئیسکو کے موقع پر آئیسکو ہیڈ آفس، اسلام آباد میں ریجن بھر سے آئے ہوئے ہزاروں محنت کشوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سال 2000 سے 2014 تک 110 سے زائد لائن سٹاف شہید ہو چکے ہیں۔

انہوں نے کہا یوم شہداء آئیسکو منانے کا مقصد اپنی جانیں قربان کرنے والے بہادر، نڈر، آئیسکو ملازمین کو خراج تحسین پیش کرنا اور ان کے ایصال ثواب کے لئے قران خوانی کرنے کے ساتھ ساتھ ان کو حادثات سے بچائو کے طریقہ کار بتانا ہے۔ انہوں نے انتظامیہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ لائن سٹاف کو حادثات سے بچائو کے طریقہ کار، T&Pکی فراہمی بہت ضروری ہے۔۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف آئیسکو میں کام کے شہید ہونے والے لائن سٹاف کو سرکاری طور پر شہید قراد دے مراعات دیں۔ پروگرام کے مہمان خصوصی نیشنل لیبر فیڈریشن NLFکے صدر شمس الرحمن سواتی نے کہا کہ آج بھی پاکستان میں کام کرنے والے محنت کش کو اس کا صحیح مقام حاصل نہیں ہو سکا ہے۔ آج بھی وہ سطح غربت سے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہے۔ سرمایہ دار طبقے ، جاگیر دار طبقے کے ملک کے تمام اثاثوں پر قبضہ کیا ہوا ہے۔

سیکرٹری جنرل لیبر یونیٹی سید تنویر حسین شاہ نے کہا کہ واپڈا کے لائن سٹاف کی جانیں سب سے مقدم ہیں اور لائن سٹاف کام کے دورانT&P کا استعمال یقینی بنائیں۔ انہوں نے مزید کہا لائن سٹاف کو سہولیات کی فراہمی اور ان کو حادثوں سے بچائو کے لئے لیبر یونیٹی مختلف اقدامات کروا رہی ہے جس کی وجہ سے لائن سٹاف میں شعوراور آگاہی اجاگر ہوئی ہے۔ چیئرمین لالہ رحیم نے اپنے خطاب میں کہا کہ آئیسکو انتظامیہ کی جانب سے کام کرنے کے دوران لائن سٹاف کو مہیا کیے جانے والے ناقص انتظامات اور ضروری T&P کی کمی اور آئیسکو افسران کے بے جا دبائو کی وجہ سے آئیسکو لائن سٹاف حادثات کا شکار ہوتے ہیں۔ اس موقع پر چیف ایگزیکٹو کی جانب سے پیغام پڑھ کر سنایا گیا جس میں لائن سٹاف کو ہدایات جاری کی گئی کہ کوئی افسر یاLSکسی بھی چالو لائن پر کام کرنے کا کہے تو وہ انکار کر دیں اس پر کسی سے باز پرس نہیں کی جائے گی کیوں کہ لائن سٹاف کی جانیں ہمیں سب سے مقد م ہیں۔

اس موقع پر ایک قراد داد کی بھی منظوری لی گئی جس میں وفاقی وزیر برائے پانی و بجلی، وزیر مملکت برائے پانی و بجلی، چیئرمین BOD آئیسکو، چیف ایگزکٹو آفیسر آئیسکو سے مختلف مطالبات کی منظوری کا مطالبہ کیا گیا جس میں بچوں کی مفت تعلیم، بچوں کی ملازمت، بچوں کی شادی بیاہ کے اخراجات دینے اور مفت علاج معالجے کے علاوہ مفت رہائش آئیسکو کی طرف سے فراہم کرنے اور T&P مہیا کرنے جیسے دیگر مطالبات پیش کیے گئے۔ اس موقع پرشہداء آئیسکو کے لئے ایصال ثواب کے لئے قرآن خوانی اور اجتماعی دعا کی گئی جس میں لیبر یونیٹی آف آئیسکو یونین کے عہدیداران کے علاوہ ریجن بھر سے آئیسکو کے ہزاروں محنت کش شریک ہوئے۔