ماسکو (جیوڈیسک) روسی صدر ولادی میرپیوٹن کا کہنا ہے کہ 25 مئی کو یوکرین میں ہونے والے صدارتی انتخابات کا احترام کیا جائے بصورت دیگر ملک خانہ جنگی کا شکار ہوسکتا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق روسی صدر نے یوکرین میں 25 مئی کو ہونے والے صدارتی انتخابات سے قبل اپنے بیان میں کہا ہے کہ روس یوکرین میں قائم ہونے والی نئی حکومت کے ساتھ بہتر تعلقات چاہتا ہے۔
اور اس کامیاب انتخابات کے انعقاد کے لئے ہر کسی کو انتخابات کا احترام کرنا ہوگا. انہوں نے کہا کہ ماسکو یوکرین کے عوام کی خواہشات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے تاہم اگر کسی نے عوامی رائے کو چرانے کی کوشش کی تو ملک خانہ جنگی اور افراتفری کا شکار ہونے کا خدشہ ہے۔
روسی صدر نے کہا کہ یوکرین میں پیدا ہونے والے بحران کا ذمہ دار امریکا ہے جس نے معزول صدر وکٹر یانوکووچ کو یورپی یونین کے ذریعے ایک معاہدے کے تحت اقتدار سے علیحدہ کیا جبکہ انہوں نے امریکا کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر اس بار ماضی جیسی بغاوت کی کوشش کی گئی یا اس کی حمایت کی گئی تو خانہ جنگی چھڑنے کے خدشہ کو حقیقت میں بدلتے دیر نہیں لگے گی۔