سری نگر (جیوڈیسک) وزیر اعظم نواز شریف کے دورہ بھارت کے اعلان کا مقبوضہ کشمیر میں خیر مقدم کیا جا رہا ہے۔ حریت کانفرنس کے رہنما میر واعظ عمر فاروق کا کہنا تھا کہ مظلوم کشمیری نواز شریف کی طرف دیکھ رہے ہیں کہ وہ بھارت سے کیا مذاکرات کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیر کو ترجیح دئیے بغیر موثر تعلقات اور مذاکرات کا عمل آگے نہیں بڑھ سکتا۔
نواز شریف کی بھارت آمد تاریخ کا اہم موڑ ہے۔ دونوں ملکوں کو اس سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔ میر واعظ کا کہنا تھا کہ ملاقات میں آئندہ مذاکرات کے ایجنڈے پر بھی بات ہونی چاہیے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان کشمیر سمیت دیگر ایشوز پر پیش رفت ہو گی۔