تمام توجہ اداکاری پر ہے، پروڈکشن کی طرف بھی آ سکتی ہوں، سوناکشی سنہا

Sonakshi Sinha

Sonakshi Sinha

ممبئی (جیوڈیسک) بالی ووڈ اداکارہ سوناکشی سنہا کا کہنا ہے کہ وہ پروڈکشن کے شعبہ میں بھی آ سکتی ہیں لیکن فی الحال تمام تر توجہ اداکاری کی طرف مبذول ہے۔ ایک معیاری کردار ہی کام کرنے پر آمادہ کرتا ہے نہ کہ فلم میں پہنے جانے والے ملبوسات یہ بات 26 سالہ اداکارہ جن کا اپنا خاندانی پروڈکشن ہاؤس ’’ شوٹ گن موویز‘‘ ہے، نے ایک انٹرویو کے دوران کہی۔ سوناکشی سنہا کا کہنا تھا کہ ممکن ہے وہ مستقبل میں فلموں کی پروڈکشن کا کام بھی سرانجام دیں لیکن فی الحال ان کی تمام تر توجہ اداکاری پر مبذول ہے۔ اداکاری ایسا کام ہے جس سے وہ محظوظ ہوتی ہیں اور دلچسپی سے کرتی ہیں اور انھیں اس میں مہارت حاصل ہو رہی ہے۔

’’آر۔۔راجکمار‘‘، ’’دبنگ‘‘ اور ’’راؤڈی راٹھور‘‘ میں اپنی لک کی وجہ سے تنقید کا نشانہ بننے والی اداکارہ ایک مرتبہ پھر ’’راؤڈی راٹھور‘‘ کے ہیرو اکشے کمار کے ساتھ فلم ’’ہالی ڈے اے سولجر از نیور آف ڈیوٹی‘‘ میں نظرآئیں گی۔ فلم میں سوناکشی کا کردار ایک شہری لڑکی کا ہے جو اس کے پہلے سے نبھائے جانے والے دیہاتی لڑکی کے کرداروں سے بالکل مختلف اور الگ ہے۔ ارونا بھاٹیہ، ٹوینکل کھنہ اور وپل امرتلال شاہ کی مشترکہ پروڈکشن ’’ ہالی ڈے اے سولجر از نیور آف ڈیوٹی‘‘ تامل فلم ’’تھپاکی‘‘ کا ہندی ری میک ہے اور اس کی ہدایات آے آر مرگادوس دے رہے ہیں جب کہ فلم کی دیگر کاسٹ میں گووندا سمیت راگھون فریدی داروالا، گریش شاہدیو، ذاکر حسین اور وجے شامل ہیں۔

نامور موسیقار پریتم کی موسیقی سے سنی یہ فلم 6 جون کو سینما گھروں کی زینت بنائی جا رہی ہے۔ اداکارہ کا کہنا ہے کہ کسی کردار کے ملبوسات فلم میں کام کرنے کی حامی بھرنے کے لیے کافی نہیں ہوتے۔ میں کبھی یہ نہیں دیکھتی کہ میں جو کردار نبھانے جا رہی ہوں اسے کس طرح کا لباس پہننا چاہیے۔ فلم ’’ہالی ڈے‘‘ میں اپنے کردار کے متعلق گفتگو کرتے ہوئے اداکارہ کا کہنا تھا کہ جب میں نے فلم کا اسکرپٹ پڑھا تو مجھے اپنا شہری لڑکی کا کردار بہت پسند آیا جو ایک مختلف اور بہترین کردار تھا اور میں نے اسے نبھانے کے لیے فوراً آمادگی کا اظہار کر دیا۔ ’’راؤڈی راٹھور‘‘ ، ’’جوکر‘‘ اور ’’ونس آپان اے ٹائم ان ممبئی دوبارہ‘‘ کے بعد ایک مرتبہ پھر کام کرنے کے سوال کرنے پر اداکارہ کا کہنا تھا کہ میرے اکشے کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں۔

انھوں نے ہر موقع پر میری رہنمائی کی ہے اور ہم سیٹ پر بہت انجوائے کرتے ہیں اور میری یہ خوش قسمتی ہے کہ میں ان کے ساتھ دوبارہ بھی کام کر رہی ہوں۔ امید ہے شائقین کو سینما اسکرین پر دوبارہ ہماری جوڑی پسند آئے گی۔ ایک سوال کے جواب میں اداکارہ کا کہنا تھا کہ ان دنوں بونی کپور پروڈکشن کی فلم ’’تیور‘‘ کی عکسبندی میں مصروف ہوں۔ اس فلم میں میرے ساتھ ارجن کپور اور منوج باجپائی مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں اور اسے جلد ہی سینما گھروں کی زینت بنایا جائے گا۔