لاہور (جیوڈیسک) اسٹیٹ بینک چوک کے قریب ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر چالان کرنے پر وکیل نے ٹریفک وارڈن کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا اور اس کی وردی پھاڑ دی۔
لاہور میں اسٹیٹ بینک چوک پر تعینات ٹریفک وارڈن قیصر نے وکیل متین کو ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر روکا اور چالان کرنے کا کہا تو وکیل صاحب آپے سے باہر آ گئے اور ٹریفک وارڈن کو پہلے تشدد کا نشانہ بنا یا اور پھر اس کی وردی پھاڑ دی۔
ٹریفک وارڈن کے جھگڑے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کے اعلی افسران بھی موقع پر پہنچ گئے جب کہ وکیل متین نے بھی اپنے ساتھیوں کو بلا لیا جس کے بعد دونوں کے درمیان معاملے کو حل کرنے کے لئے مذاکرات کئے گئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹریفک وارڈ ن قیصر وکیل کے خلاف مقدمہ درج کرانا چاہتا ہے جب کہ پولیس افسران کی جانب سے مقدمہ نہ کرانے کے لئے قیصر پر دباؤ ڈالا جا رہا ہے جس کے باعث واقعہ کا مقدمہ تاحال درج نہیں کرایا جا سکا ہے۔