ٹینس اسٹاراعصام الحق گرینڈ سلم ڈبلز ٹائٹل جیتنے کے خواہشمند

Aisam Ul Haq

Aisam Ul Haq

کراچی (جیوڈیسک) پاکستانی ٹینس اسٹار اعصام الحق اپنے پرانے دوست روہن بوپنا کے ساتھ گرینڈ سلم ڈبلز ٹائٹل جیتنے کے خواہشمند ہیں، وہ سال بھر کی عمدہ کارکردگی کا صلہ اے ٹی پی ورلڈ ٹور فائنلز تک رسائی کی صورت میں بھی چاہتے ہیں۔ غیر ملکی ویب سائٹ کو انٹرویو میں انھوں نے کہا کہ رواں سال اب تک مجھے سخت مقابلوں کا سامنا رہا، اس وقت ہماری رینکنگ آٹھویں ہے اور صف اول کے کھلاڑیوں سے ہمارے میچز بہت ہی سخت رہے ہیں، اٹالین اوپن میں بدقسمتی سے ہمارا مقابلہ برائن برادرز سے دوسرے ہی راؤنڈ میں ہو گیا لیکن توقع ہے کہ سیڈنگ ملنے کے بعد فرنچ اوپن اور ومبلڈن میں ہمارا برائن برادرز اور دیگر صف اول کے کھلاڑیوں سے سامنا ابتدائی مرحلے میں نہیں ہو گا۔

اعصام الحق نے کہا کہ جتنا عرصہ بھی میں روہن بوپنا سے الگ رہ کر کھیلا بہت کچھ سیکھا، مجھ میں جو خامیاں تھیں وہ دور کرنے کی کوشش کی ہیں، ہم دونوں میں زیادہ پختگی آ گئی اور تجربہ بھی ملا ہے۔ پاکستانی اسٹار نے کہاکہ گرینڈ سلم ٹائٹل جیتنے کی لگن مجھے آگے بڑھنے میں مدد دے رہی ہے،جب ہم نے 2010 میں یو ایس اوپن کا فائنل کھیلا تو لوگ اسے اتفاق یا ’تکّا‘ سمجھتے تھے لیکن ہم نے اپنی کارکردگی سے انھیں غلط ثابت کر دیا، میرا اب بھی یہی ہدف ہے کہ کیریئر کا پہلا گرینڈ سلم ٹورنامنٹ جیتوں، مجھے اپنی صلاحیتوں کا اچھی طرح علم ہے کہ ایسا کر سکتا ہوں۔ اعصام الحق اس بات سے اتفاق کرتے ہیں کہ وہ فائنل میں پہنچتے یا پھر پہلے ہی راؤنڈ سے باہر ہوجاتے ہیں، انھوں نے کہا کہ اس مسئلے پر قابو کرنے کی ہم دونوں کوشش کر رہے ہیں،اب اس میں کمی آئی ہے، 2010 اور 2011 میں ایسا کئی بار ہوا تھا لیکن اب صورتحال خاصی مشکل ہے کیونکہ ڈبلز کے قوانین میں بڑی تبدیلی آ گئی ہے۔