بزنس لون اسکیم، نیشنل بینک سے 5 ہزار 350 نوجوانوں کو آفر لیٹر جاری

NBP

NBP

کراچی (جیوڈیسک) پرائم منسٹر یوتھ بزنس لون اسکیم کے تحت ملک بھر سے قرضے حاصل کرنے والے 5350 نوجوانوں کو نیشنل بینک آف پاکستان نے آفر لیٹر جاری کر دیے ہیں، 46 مختلف شعبوں میں قرضہ حاصل کرنے والوں میں زیادہ تعداد میں لوگوں نے ڈیری فارم کے لیے قرضہ حاصل کیا۔ نیشنل بینک کے ذرائع کے مطابق پہلے مرحلے میں لون حاصل کرنے والے نوجوانوں کو وزیراعظم پاکستان میاں محمد نوازشریف اپنے ہاتھوں سے چیک تقسیم کریں گے۔ ذرائع کے مطابق نوجوانوں کا کاروبارفوری شروع کرانے کے لیے ملک بھر کی سیکڑوں برانچز سے 17 مئی ہفتے کو چھٹی ہونے کے باوجود آفر لیٹرز لون حاصل کرنے والوں کے گھروں پر نہ صرف روانہ کیے گئے بلکہ انہیں بذریعہ فون اطلاع بھی کی گئی ہے جبکہ جن نوجوانوں کو رہائشی پتے پر لیٹر موصول نہیں ہوئے انہوں نے نیشنل بینک کی متعلقہ برانچوں سے خود لیٹر حاصل کر لیے ہیں۔

ذرائع کے مطابق جن افراد کی قرضے کی درخواستیں منظور ہوئیں ہیں ان میں خواتین بھی شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق آفر لیٹرز جاری کرنے کے بعد یہ ابہام ختم ہوگیا ہے کہ نوجوانوں کا قرضہ ملے گا یا نہیں تاہم جن لوگوں کو بھی قرضہ دیا جا رہا ہے وہ مکمل میرٹ پر شفاف طریقے سے جانچ پڑتال کے بعد جاری ہو رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق درخواستیں دینے والوں کی تعداد 50 ہزار سے زائد ہے جن میں سے پہلے مرحلے میں 5350 نوجوانوں کو قرضہ کی منظوری دی گئی ہے۔