لاہور (جیوڈیسک) مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنا اللہ نے کہاہے کہ عمران خان یہودی قوتوں کا آلہ کار بن کر استعمال ہورہا ہے وہ چاہتا ہے کہ ملک میں مارشل لا آئے لیکن پاکستان کے عوام ان کی کوششوں کو ناکام بنادیں گے، ہم کسی ایک میڈیا گروپ کے ساتھ نہیں، ملک میں جمہوریت کیلیے آزاد صحافت کو ضروری سمجھتے ہیں۔
حکومت نیک نیتی کے ساتھ ملک کی بہتری کے لئے کام کررہی ہے، بہت جلد حالات بہتر ہوجائیں گے،جیو ٹی وی نے ایک پروگرام کیا جس کی انہوں نے معافی بھی مانگی لیکن عمران خان نے اس کو سیاسی ایشو بنادیا، پیمرا آزاد ادارہ ہے حکومت نے کمیشن بنادیا ہے۔
جو اس معاملے کو دیکھ رہا ہے،اگر یہ سمجھتے ہیں کے پی کے میں شفاف انتخابات نہیں ہوئے تو پھر وہاں کی حکومت سے استعفیٰ دیدیں،بجلی کا کوئی بھی منصوبہ دوڈھائی سال سے قبل مکمل ہوکر نتائج نہیں دے سکتا۔
الیکشن اصلاحات کے لئے قانون سازی پارلیمنٹ میں ہوگی ان کی پارلیمنٹ میں نمائندگی ہے ان کو چاہئے کہ یہ پارلیمنٹ کے فورم کو استعمال کریں، یہ قوم کو الجھانا چاہتے ہیں ان کی نیت ٹھیک نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کالا باغ ڈیم اہم ہے لیکن پاکستان اس سے بھی اہم ہے۔