کراچی (جیوڈیسک) کراچی اور حیدر آباد کی جیلوں میں قید ڈیڑھ سو بھارتی ماہی گیر رہا۔ وزیراعظم نواز شریف کے دورہ بھارت سے ایک دن پہلے کراچی کی ملیر جیل سے 59 اور حیدر آباد کی نارا جیل سے 92 بھارتی قیدیوں کو رہا کردیا گیا۔
و طن واپسی کیلیے واہگہ روانہ کردیا گیا۔ کراچی کی ملیر جیل سے 59 بھارتی ماہی گیروں کو رہائی کے بعد بسوں کے ذریعے واہگہ روانہ کردیا گیا۔جہاں انھیں بھارتی حکام کے حوالے کیا جائے گا۔ سمندری حدود کی خلاف ورزی پر گرفتار 59 قیدیوں کو جذبہ خیرسگالی کے طور پر رہا کیا گیا۔
رہا ہونے والوں میں 58 بھارتی ماہی گیر اور ایک سویلین قیدی ہے جسے بارڈر پار کر نے کے الزام میں گرفتارکیا گیا تھا۔بھارتی ماہی گیروں نے جیل میں فراہم کی جانے والی صحت و خوراک کی سہولیات پر اطمینان کا اظہار کیا۔
ماہی گیروں کا کہنا تھا کہ انھیں رہائی ملنے پر بے حد خوشی ہے اور وہ بھارتی حکومت سے اپیل کرتے ہیں کہ بھارتی جیلوں میں قید پاکستانی ماہی گیروں کو بھی رہاکیا جائے۔رہا بھارتی ماہی گیروں کو بس کے ذریعے کراچی سے واہگہ کے لئے روانہ کردیا گیا ہے جہاں انھیں بھارتی حکام کے حوالے کیا جائے گا۔ بھارتی قیدیوں کے سفری اخراجات جسٹس ریٹائرڈ ناصر اسلم زاہد کی این جی او نے اٹھائے ہیں۔