کراچی (اسٹاف رپورٹر )سندھ حکومت شہید رانی بے نظیر بھٹو کے ویژن پر عمل کرتے ہوئے فروغ تعلیم کے لئے انقلابی اقدام کر رہی ہے، صوبائی وزیر تعلیم نثار احمد کھوڑو کی خصوصی ہدایت پر گورنمنٹ بوائز سیکنڈری اسکول خلد آباد لانڈھی میں طلباء میں درسی کتب کی مفت تقسیم کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کیا۔
اس موقع پر 300سے زائد طلباء میں مفت درسی کتب تقسیم کئے گئے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسکول کی صدر معلمہ قمر فاطمہ نے کہاکہ سندھ حکومت فروغ تعلیم کے لئے کوشاں ہے اور اس سلسلے میں انقلابی عملی اقدامات کئے جارہے ہیں طلباء میں مفت درسی کتب کی تقسیم سندھ حکومت کی اسی فروغ تعلیم کے حوالے سے انقلابی اقدامات کی کڑی ہے۔
انہوں نے کہاکہ ملک سے جہالت کو ختم کرکے ہی انتہا پسندی ،دہشت گردی کو جڑ سے خاتمہ کیا جاسکتا ہے قمر فاطمہ نے کہاکہ تعلیمی انقلاب لاکر ہی ترقی اور خوشحالی لائی جاسکتی ہے اس موقع پر محکمہ تعلیم بن قاسم ٹائون کے کوارڈینٹر گل محمد خاصخیلی ،انجمن تاجران قائد آبادکے صدر عبدالحمید قریشی محمد خالد رضا،مس شاہدہ ،نور عالم ،عبدالستار و دیگر اساتذہ اور والدین بھی موجود تھے اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محکمہ تعلیم بن قاسم ٹائون کے کوارڈینٹر گلک محمد خاصخیلی نے کہاکہ تمام طبقات کو علم کی کرنیں بکھیرنے میں اپنا قومی کردار ادا کرنا ہوگا کیوں کہ دنیا میں آج وہی قومیں ترقی کررہی ہیں جن کے پاس علم کی دولت ہے۔
انہوں نے کہاکہ تعلیم صرف ڈگری حاصل کرنے کے لئے نہیں بلکہ شعور کی بیداری کے لئے حاصل کی جاتی ہے انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ تعلیم کے فروغ کے ساتھ ساتھ درسگاہوں سے نقل کا کلچر بھی ختم کرنا ہوگا۔ اس موقع پر طلباء کے والدین نے سندھ حکومت کی جانب سے تعلیم کے فروغ کے لئے اقدامات کی تعریف کی اور مفت درسی کتب کی فراہمی کو ایک انقلابی قدم قرار دیا۔