نئی دہلی (جیوڈیسک) سابق کپتان وسیم اکرم کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کرکٹ تعلقات کی بحالی کا وقت آگیا، دونوں ممالک کو پھر سے کھیل کا رشتہ جوڑ لینا چاہیے، سیاست اور کھیلوں کو الگ رکھنا ہی بہتر ہوتا ہے، پاکستانی کھلاڑیوں کی موجودگی سے خود آئی پی ایل کی قدر میں اضافہ ہوگا۔
ان خیالات کا اظہار انھوں نے بھارتی میڈیا سے بات چیت کے دوران کیا۔ بھارت میں انتخابات کے بعد نئی حکومت قائم ہونے والی ہے۔
پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف نامزد بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی تقریب حلف برداری میں شریک ہونگے، اس موقع کی مناسبت سے وسیم اکرم سمجھتے ہیں کہ اب دونوں ملکوں میں کرکٹ کا ٹوٹا ہوا رشتہ بھی پھر سے جڑ جانا چاہیے۔
انھوں نے کہا کہ میں ہمیشہ سے یہ بات کہہ رہا ہوں کہ کھیلوں اور سیاست کو کبھی آپس میں نہیں ملانا چاہیے، پاک بھارت مقابلوں میں دنیا کی بہترین کرکٹ دیکھنے کو ملتی ہے، بدقسمتی کی بات تو یہ ہے کہ ہم غیرمتعلقہ وجوہات کی بنا پر عظیم مقابلوں کو دیکھنے سے قاصر ہیں۔