ڈینگی وائرس سے معمر شخص ہلاک، شہر میں اسپرے مہم بند

Dengue Virus

Dengue Virus

کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں ڈنگی وائرس سے ایک مریض دم توڑگیا، انسداد ڈنگی پروگرام (ڈنگی پروینشن اینڈ کنٹرول پروگرام) کے سربراہ نے متوفی کے کوائف ظاہر نہیں کیے۔

پروگرام منیجر نے اپریل سے متاثرہ مریضوں کے اعدادو شمارجاری نہیں کیے، اعلیٰ حکام کی مداخلت پر انسداد ڈنگی پروگرام کو صرف 2 ماہ میں 42 ملین روپے جاری کیے گئے ہیں، شہر میں ڈنگی وائرس کے خاتمے کی اسپرے مہم بھی شروع نہیںکی گئی۔

تفصیلات کے مطابق انسداد ڈنگی پروگرام کے ذمے دار افسر نے بتایا ہے کہ کراچی کے اورنگی ٹاؤن کے علاقے ہزارہ ٹاؤن میں65 سالہ مدد علی ڈنگی وائرس کا شکار ہوکر جاں بحق ہوگیا ہے، متوفی گزشتہ کئی دن سے اسپتال میں زیر علاج تھا۔

اطلاع انسداد ڈنگی پروگرام کے منیجرکو دی جس پر پروگرام کے منیجر نے ڈنگی وائرس سے ہونے والی اموات کے کوائف جاری نہ کرنے کی ہدایت کی اورکہا کہ سیکریٹری صحت کی ہدایت ہے کہ ڈنگی سے ہونے والی اموات کے کوائف جاری نہ کیے جائیں اورکسی کو بجٹ کی تفصیلات سے بھی آگاہ نہ کیاجائے۔