اردو ڈکشنری بورڈ بدترین انتظامی ومالی بحران سے دوچار

Urdu Dictionary

Urdu Dictionary

کراچی (جیوڈیسک) پاکستان میں قومی زبان کی ترقی کیلیے غیرمعمولی خدمات انجام دینے والے ادارے’’اردوڈکشنری بورڈ‘‘اپنی 62سالہ تاریخ میں بدترین انتظامی ومالی بحران سے دوچار ہے۔

ادارے کے پاس ’’اردو لغت‘‘کی ’’الف سے ے‘‘ تک کے حروف پرمشتمل شائع کی گئی22میں سے7جلدوں کاذخیرہ ختم ہوچکاہے جسے چھاپنے کیلیے اردوڈکشنری بورڈ کے پاس فنڈیارقم موجود نہیں، محض 13ویں جلد دوبارہ اشاعت کے آخری مراحل میں تھی تاہم 16 صفحات کی پلیٹیں تیار کرنے کیلیے رقم نہ ہونے سے اشاعت رک گئی ہے۔

مجموعی طورپر اردو ڈکشنری بورڈ کے تحت ’’اردو لغت‘‘ کی جلدوں کی ازسرنو اشاعت کاکام مکمل طورپررک گیاہے جس کے سبب اردو لغت کے کم از کم 7 جلدیں ناپید ہوگئی ہیں اوراس مستندادارے کی چھاپی گئی اردو لغت پڑھنے میں دلچسپی رکھنے اور اردو لسانیات میں تحقیق کرنیوالے محققین اور طلبا ’’بھ سے ت‘‘ اور’’س سے ل تک کے حروف تہجی ‘‘پرمشتمل الفاظ کے معنی ومفہوم دیکھنے سے قاصرہیں۔

اردوڈ کشنری بورڈکے ذمے دار ذرائع سے معلوم ہواہے کہ بورڈ کے پاس تیسری ،چوتھی ، بارہویں ، تیرہویں ، چودہویں ، پندر ہویں اور سولہویں جلدیں ختم ہوچکی ہیں، مختلف تدریسی یاتحقیقی ادارے یاافراد مذکورہ جلدیں طلب کرتے ہیں توان سے معذرت کرلی جاتی ہے۔

ذرائع کاکہناہے کہ اس صور تحال سے کئی بار وفاقی حکومت اور وزارت اطلاعات و نشریات کوآگاہ کیا جاچکا ہے، متعلقہ وزارت سے اس سلسلے میں فنڈز مانگے گئے ہیں تاہم حکومت اردو لغت کی ختم ہونیوالی جلدوں کی دوبارہ اشاعت کیلیے فنڈدینے کو تیار نہیں، واضح رہے۔

کہ مذکورہ جلدوں میں سے جلد سوئم ’’بھ ،پ تا پر یہوا‘‘، چہارم ’’پڑ، پھ، ت، تا تحریراً، 12 ویں جلد ’’سن، ش، ص تا صیہونیت،13ویں جلد’’ض ،ط، ظ،ع،غ،ف تافکر‘‘ 14 ویں جلد ’’فکراً،ق،ک تاکشمیرن‘‘،15 ویں جلد ’’کشمیری، کھ، گ،گھ تاگر گرانا‘‘ جبکہ 16 ویں جلد ’’گرگربدیا سرسرگیان، گھ تا لوگڑا‘‘تک کے حروف والفاظ پرمشتمل ہے۔