نئی دہلی (جیوڈیسک) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ پاک بھارت تعلقات میں مثبت پیشرفت کا اچھا موقع ہے۔ بھارت کے نئے وزیراعظم نریندرا مودی کی تقریب حلف برداری سے پہلے وزیراعظم نوار شریف کا کہن تھا پاک بھارت حکومتوں کے پاس ہی بھاری مینڈیٹ موجود ہے۔ یہ مینڈیٹس دو طرفہ تعلقات کو اہم سنگ میل پر لے جا سکتے ہیں۔
وزیراعظم نواز شریف کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کی ثقافتوں اور روایتوں میں بہت کچھ مشترک ہے۔ اس اشتراک کو طاقت بنا کر آگے چلا جا سکتا ہے۔ نریندرا مودی سے ملاقات کا منظر ہوں۔ ہمیں خدشات، اعتراضات اور تحفطات مل کر ختم کرنے ہوں گے۔ ایک سوال کے جواب میں محمد نواز شریف کا کہنا تھا کہ نریندرا مودی کے ساتھ وہیں سے تعلقات شروع کریں گے جہاں سابق وزیراعظم واجپائی کے ساتھ 1999ء میں ختم ہوئے تھے۔
دونوں ملکوں کی حکومتوں کو عوام نے جو مینڈیٹ دیا وہ نئے دور کیلئے سود مند ہو گا۔ نواز شریف نے مزید کہا کہ دورہ بھارت دونوں ملکوں کے تعلقات میں پیش رفت کیلئے اہم ہے۔ ایک دوسرے تک رسائی کا یہ بہترین موقع ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان بداعتمادی اور خوف کی فضاء ختم کرنا ہو گی۔ اس سے قبل وزیر اعظم نواز شریف کا خصوصی طیارہ بھارتی وقت کے مطابق گیارہ بج کر پانچ منٹ پر نئی دلی کے اندرا گاندھی انٹرنیشنل ائر پورٹ پر اترا۔
بی جے پی کے رہنماؤں، اعلی بھارتی فوجی حکام، پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط اور ہائی کمیشن کے سینئر افسروں نے وزیر اعظم اور ان کے وفد کا استقبال کیا۔ اس موقع پر ایک بچی نے وزیر اعظم نواز شریف کو پھول پیش کئے۔ روانگی سے پہلے وزیراعظم نواز شریف نے کہا وہ امن کا پیغام لے کر بھارت جا رہے ہیں۔
مسائل مذاکرات سے ہی حل ہو سکتے ہیں۔ دوست ممالک سے اچھے تعلقات ہماری ترجیحات ہیں۔ پاکستانی وفد میں، سرتاج عزیز، طارق فاطمی، حسین نواز اور جاوید اسلم اور پولیٹیکل سیکرٹری آصف کرمانی بھی ان کے ہمراہ ہیں۔