اسلام آباد (جیوڈیسک) ہائی کورٹ نے پیمرا کے 3 پرائیویٹ اراکین کو حکومت کی جانب سے جاری شوکاز نوٹس، پیمرا کے ایگزیکٹیو ممبر کمال الدین ٹیپو کی تقرری سمیت 27 مئی کو طلب کئے گئے اہم اجلاس کا نوٹی فکیشن معطل کر دیا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیمرا اراکین کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت جسٹس نورالحق قریشی نے کی۔ سماعت کے دوران پیمرا کے پرائیویٹ ممبران نے موقف اختیار کیا کہ حکومت کی جانب سے پیمرا کے اراکین کو جاری شوکاز نوٹس غیر قانونی تھا وزارت اطلاعات اس کا اختیار ہی نہیں رکھتی۔
عدالت نے کیس کی سماعت کے بعد حکومت کی جانب سے پیمرا کے 3 پرائیویٹ ممبران کو جاری شوکاز نوٹس سمیت سرکاری اراکین کی جانب سے 27 مئی کو طلب کئے جانے والے اہم اجلاس اور پیمرا اتھارٹی کے ایگزیکٹیو ممبر کمال الدین ٹیپو کی تقرری کا نوٹی فکیشن معطل کر دیا۔