لاہور (جیوڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ نے ذکا اشرف کے دور میں ہونے والے 2 کروڑ روپے کے اخراجات کی تحقیقات کا فیصلہ کیا ہے۔
لاہور میں پاکستان کرکٹ بورڈ کی منیجمنٹ کمیٹی کے اجلاس کے دوران سابق چیرمین پی سی بی ذکا اشرف کے دور میں ہونے والے 2 کروڑ روپے کے اخراجات کی تحقیقات کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس حوالے سے پی سی بی کی منیجمنٹ کمیٹی نے نجم سیٹھی کو انکوائری کا اختیار دے دیا جب کہ کمیٹی کی جانب سے انٹرنل آڈٹ رپورٹ پر عمل کرانے سمیت کنٹریکٹ ملازمین کو میڈیکل اور ہیلتھ انشورنس دینے کی شفارش بھی کی گئی۔
واضح رہے کہ 21 مئی کو سپریم کورٹ نے اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے سابق چیرمین چوہدری ذکا اشرف کی بحالی کے فیصلے کو معطل کرتے ہوئے نجم سیٹھی کو ایک بار پھر چیرمین پاکستان کرکٹ بورڈ کے عہدے پر بحال کیا تھا جب کہ اس سے قبل بھی نجم سیٹھی کو 2 مرتبہ چیرمین پی سی بی کے عہدے سے معطل اور پھر بحال کیا گیا جب کہ 3 مرتبہ ہی ذکا اشرف کو کرکٹ بورڈ کے سربراہ کے طور پر بحال اور معطل کیا جا چکا ہے۔